Dr. Sajid Siddique Nizami

Assistant Professor

Institute of Urdu Language & Literature
Post Doctorate (University of Oxford, UK)

Dr. Sajid Siddique Nizami
ساجد صدیق نظامی، ادارہ زبان و ادبیاتِ اردو سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر منسلک ہیں۔ وہ قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تحقیق اور درس و تدریس کا سترہ برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور کے تحقیقی منصوبے ’’تاریخ ادبیاتِ مسلمانانِ پاکستان و ہند‘‘ (اردو ادب) کے ساتھ ساڑھے تین برس تک (نومبر 2008ءتا اگست 2012ء) بطور ریسرچ اسکالر منسلک رہے۔ اس منصوبے کے تحت اردو ادب کی مستند اور مکمل تاریخ ، چھ جلدوں میں مرتب ہو کر شائع ہوئی۔ 2012ء میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ پنجاب میں بطور لیکچرر (اردو) تقرر ہوا اور انھیں گورنمنٹ اسلامیہ کالج، غازی آباد، لاہور کینٹ میں تعینات کیا گیا۔ 2015ء میں محکمانہ امتحان میں کامیابی حاصل کی اور اسسٹنٹ پروفیسر (اردو) مقرر ہوئے۔ دسمبر 2015ء سے مارچ 2022ء تک گورنمنٹ ایم۔ اے۔ او۔ کالج، لاہور میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر تدریسی فرائض انجام دیتے رہے۔
2021ء میں انھیں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن، حکومتِ پنجاب کی جانب سے اوکسفرڈ یونیورسٹی، انگلستان میں پوسٹ ڈاکٹورل فیلو شپ کے لیے وظیفے کا حق دار قرار دیا گیا۔ اس فیلو شپ کی تکمیل کے لیے وہ مارچ 2022ء تا جنوری 2023ء اوکسفرڈ میں مقیم رہے۔ اس دوران انھوں نے’’اردو میں فنّی و تکنیکی نثر کی ترقی میں تھامسن سِوَل انجینئرنگ کالج، رُڑکی کا کردار‘‘ کے موضوع پر تحقیقی منصوبہ مکمل کیا ۔ اس منصوبے میں مذکورہ ادارے کی تنظیم و ابتدائی تاریخ، ہندوستانی طلبا کے لیے اردو نصابی کتب کا مفصل جائزہ لیا گیا ہے۔ اسی تسلسل میں انھیں سینٹ انٹونیز کالج، اوکسفرڈ یونیورسٹی کی ساؤتھ ایشیا سیمینار سیریز کے ایک سیمینار میں اپنے موضوعِ تحقیق پر مفصل گفتگو کا موقع بھی ملا۔
2022ء میں ہی انھیں ادارہ زبان و ادبیاتِ اردو، پنجاب یونیورسٹی، لاہور میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر منتخب کر لیا گیا۔ جہاں تا حال وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
۲۰۱۷ء میں انھیں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اردو زبان و ادب میں پیایچ۔ ڈی ۔اردو کی سند عطا ہوئی۔ ان کا تحقیقی مقالہ ’’اسالیبِ نثر اردو کے تحولات‘‘(آغاز سے وفاتِ غالب تک) کے موضوع پر تھا۔ اس سے قبل انھوں نے ۲۰۱۱ء میں فورٹ ولیم کالج، کلکتہ کے میر بہادر علی حسینی کی ’’تاریخ آسام‘‘ کو مدون کر کے ایم ۔ فل۔ اردو کی سند حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی، لاہور میں متعلم ایم۔ اے، اردو کے طور پر وہ اورینٹل کالج کے مجلّہ ’’شرق ‘‘ اور شعبۂ اردو کےمجلّہ ’’سخن ‘‘ کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔
ان کے تحقیقی سرمایے میں 3 مرتبہ کتب اور 30 سے زائد مضامین شامل ہیں۔ ان کا نمایاں تحقیقی کام اردو کے کلاسیکی ادب، بالخصوص انیسویں صدی کے اردو ادب/نثر کی تحقیق کو محیط ہے ۔
ترتیب و تدوین کے ضمن میںان کی 3 کتب بعنوان ’’مقالاتِ عبد الستار صدیقی‘‘(جلد دوم)(2015ء)، ’’تاریخ آسام‘‘(میر بہادرعلی حسینی) (2015ء)اور ’’اکبر صدی مقالات‘‘(2023ء)شائع ہو چکی ہیں ۔ نیز پاکستان کے نمایاں جرائد میں ان کے تیس سے زائد مضامین شائع ہو چکے ہیں۔ نمایاں تحقیقی مضامین میں ’’و یبقی وجہ ربّک (فیض احمد فیض) کا تجزیاتی مطالعہ‘‘،’’برصغیر مین مفید علم کے فروغ کا سرنامہ، کلکتہ اسکول-بک سوسائٹی(1817ء) : محرکاتِ قیام اور اثرات‘‘،’’اردو میں دینی ادب، انیسویں صدی کے نصف اول میں‘‘، ’’آصف الدّولہ کی شکار مہمات کی معاصر روداد (ایک انگریز شکاری کے قلم سے)‘‘،’’اردو نثر کے فروغ میں مسیحی مبلغین کا کردار، انیسویں صدی کے نصف اول میں‘‘، ’’پنجاب میں ریختے کا ایک قدیم نمونہ، اٹھارھویں صدی میں‘‘، ’’ستّہ شمسیہ: اردو میں سائنسی مضامین بیان کرنے کی ایک قابل ذکر کاوش، انیسویں صدی کے اوائل میں‘‘، ’’تدوینِ کلیاتِ فیض از نعمان الحق: ایک جائزہ‘‘، ’’خیر البیان اور اردو کی پہلی نثری تصنیف کا قضیہ‘‘، ’’اردو میں فنیّ و تکنیکی نثر: تھامسن انجینئرنگ کالج، رڑکی کی خدمات‘‘، ’’فیمینزم: پاکستان کی تحریکِ آزادیِ نسواں کی روشنی میں‘‘، ’’شبلی کے فارسی خطوط‘‘ اور ’’ادبستان (نیر مسعود) پر ایک نظر‘‘ شامل کیے جا سکتے ہیں۔
ادبی و تاریخی متون کی تدوین کے حوالے سے وہ فورٹ ولیم کالج، کلکتہ کے ایک غیر مطبوعہ رسالے ’’رسالہ مناظرہ میر سیّد شریف‘‘،میر امّن لُؔطف کے اردو کلام ،سردار بہادر لالہ امین چندکی خود نوشت سوانح عمری اور ’’ نَو آئینِ جان ہارس فورڈ‘‘ (1786ء، رستم علی بجنوری) کی تدوین کر چکے ہیں۔
جنوبی ایشیائی زبانوں میں دلچسپی کا مظہر ہے کہ وہ پنجاب یونیورسٹی،لاہور سے ہندی زبان کا ایک سالہ ڈپلوما مکمل کر چکے ہیں۔نیز ان دنوں سنسکرت زبان کی تحصیل میں مشغول ہیں۔ قومی و بین الاقوامی کانفرنسز/ سیمینارز میں اپنے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد مقالات بھی پیش کر چکے ہیں۔ اورینٹل کالج اور ادارہ زبان و ادبیاتِ اردو کی جانب سے متعدد تربیتی کارگاہوں اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے منتظم کے طور پر بھی تجربہ رکھتے ہیں۔

Post Doctorate (University of Oxford, UK)
Ph.D. (Urdu) (PU)

Phone Number:  92-42-99210832
E-mail Address:  sajidsnizami.urdu@pu.edu.pk

Institute of Urdu Language & Literature